بنگلورو،3؍اکتوبر(ایس او نیوز) مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ کی جانب سے ملاقات کا وقت (اپائنٹمنٹ)ملتے ہی فوری دہلی جاؤں گااورکابینہ کی توسیع کے سلسلہ میں بات چیت کروں گا۔یہ باتیں وزیراعلیٰ بی ایس ایڈی یورپانے کہیں۔بروزجمعہ ودھان سودھا میں کابینہ کی توسیع سے متعلق دہلی دورہ پرتبصرہ کرتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ امیت شاہ سے ملاقات کے لئے وقت طلب کیاہوں،وہ جیسے ہی ملنے کا وقت دیں گے فوری طورپر دہلی جاؤں گا۔خیال رہے کہ بی ایس ایڈی یورپا کابینہ کی توسیع کے معاملہ میں ایک مرتبہ دہلی کا دورہ اورہائی کمان سے ملاقات کرکے آئے ہوئے ہیں۔لیکن اب تک کابینہ کی توسیع کے لیے ہائی کمان سے اجازت نہیں ملی۔اب پھرایک مرتبہ دہلی جانے کے لیے وہ تیارہوئے ہیں۔سیاسی حلقوں میں چہ میگوئیاں ہورہی ہیں کہ ریاست کے دواسمبلی حلقوں (سرا۔راجہ راجیشوری نگر)میں ضمنی انتخابات 3نومبرکوہونے جارہے ہیں۔اس لیے یہ کہا جارہا ہے کہ ضمنی انتخابات کے بعدہی ریاستی کابینہ کی توسیع ہوگی۔ایڈ ی یورپانے واضح طورپر کہاہے کہ دہلی دورہ اورمرکزی قائدین سے ملاقات کے بعدہی کابینہ توسیع ہوگی۔